حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر سید قاسم شمسی نے کہا کہ نائجیریا میں اسلامی تحریک کے بانی شیخ زکزاکی کو گزشتہ چار سال سے ظالم و جابر حکومت نے گرفتار کیا ہوا ہے اورجیل کے اندر زہر دی جارہی ہے جس سے ان کی زندگی کو شدید خطرہ ہے،نائجیریا حکومت کے اس ظلم کے خلاف احتجاج کرنے والے پر امن مظاہرین پر فائرنگ کی گئی جس میں دومومنین شہید بھی ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آیت اللہ شیخ زکزاکی نے نائیجریا میں اسلام کے انقلابی پیغام کو کروڑوں تک پہنچایا جس کے لئے انہوں نے اپنے بچے قربان کر دیے لیکن ظالم و جابر اسٹبلشمنٹ سے سمجھوتہ نہیں کیا۔
مرکزی صدر نے شیخ زکزاکی کے عزم و حوصلہ، استقامت اور جذبہ ایثار وقربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا شیخ زکزاکی کی کاوشیں دور حاضر کے مسلم حکمرانوں کے لئے عملی نمونہ ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ نائجیریا کی عدلیہ کے فیصلہ کے باوجود شیخ زکزاکی کو رہا نہیں کیا جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں کو آواز بلند کرنی چاہئے اور رہا ئی کا مطالبہ کرنا چاہئے اور اقوام متحدہ سمیت تمام انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے سوال کرنا چاہئے کہ آخر کس بنیا دپر آیت اللہ زکزاکی کو گرفتا ر کیا گیا ۔